راج کندرا کے اکاؤنٹ میں پورن ریکیٹ کی کمائی براستہ لندن منتقل ہوتی رہی

July 27, 2021

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) فحش فلمیں بنانے اور کچھ ایپ پر جاری کرنے کے الزام میں مبینہ طور پر ملوث کاروباری شخصیت اور بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کی مشکلات بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔ ممبئی کرائم برانچ معاملہ کی تہہ تک پہنچنے کیلئے تحقیقات کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے ۔ ممبئی کرائم برانچ کی نظر راج کندرا ۔ شلپا شیٹھی کے جوائنٹ بینک اکاؤنٹ پر ہے ۔کرائم برانچ ذرائع کے مطابق اس اکاؤنٹ میں کئی مرتبہ بیرون ممالک سے الگ الگ روٹس کے ذریعہ پیسے منتقل کئے گئے ہیں ، جس میں افریقہ اور لندن کے نام شامل ہیں ۔کرائم برانچ کی ٹیم اس اکاؤنٹ کی تحقیقات میں مصروف ہوگئی ہے اور فورینسک ایکسپرٹس کی مدد لی جارہی ہے ۔کرائم برانچ ذرائع کے مطابق بیرون ممالک سے الگ الگ روٹ کے ذریعہ جو پیسے جوائنٹ اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوئے ہیں ، اس کی معلومات انکم ٹیکس سے چھپائی گئی ہے اور یہی ان کے شک کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔کرائم برانچ کے سامنے راج کندرا کے ملازمین نے یہ انکشاف کیا تھا کہ پورن ریکیٹ کے ذریعہ کروڑوں روپے کی کمائی ہوتی تھی ، وہ پہلے لندن بھیجی جاتی تھی اور پھر وہاں سے دیگر طریقوں کے ذریعہ راج کندرا تک پہنچتی تھی ۔ راج کندرا کی خفیہ الماری کے ایک باکس سے جو 51 ویڈیوز برآمد ہوئے ہیں ، اس کی تحقیقات میں کرائم برانچ کی ٹیم میں مصروف ہے ۔ ان دستاویز کی جانچ کی جارہی ہے جو اس الماری سے برآمد ہوئے ہیں ۔ پولیس اس کیس میں اب تک کی تفتیش کی بنیاد پر راج کندرا کو اہم سازشی بتا رہی ہے ، لیکن شلپا شیٹھی ابھی بھی اپنے شوہر کو بے قصوربتا رہی ہیں ۔کاروباری راج کندرا کے تار پورنوگرافی کیس میں کتنے اور کہاں تک جڑے ہوئے ہیں ، اس کی تحقیقات ممبئی کرائم برانچ ٹیم تیزی سے کررہی ہے ۔ اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر کے خلاف پولیس کو اہم ثبوت ملے ہیں ، جو پولیس کی دلیل کو مضبوط بناتے ہیں ۔ پولیس کو اس معاملہ میں اب راج کندرا کے دفتر کی دیوار سے خفیہ الماری ملی ہے ۔ اس الماری سے پولیس کو کئی فائلیں ہاتھ لگی ہیں ، جس کے ذریعہ پولیس اس کیس میں کئی راز فاش کرسکتی ہے ۔