فنکاروں کی جانب سےطلحہ طالب کی ٹوکیو اولمپکس میں کوششوں کی پذیرائی

July 27, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے نوجوان ویٹ لفٹر طلحہ طالب ٹوکیو اولمپکس میں معمولی فرق سے گولڈ میڈل جیت نہ سکے لیکن پاکستان کے عوام اور شوبز شخصیات بھی ان کی تعریف کررہی ہیں۔طلحہ طالب کو جہاں عوام سے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی وہیں شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھی ان کی کوششوں کو سراہا۔اداکارہ ماہرہ خان نے طلحہ طلب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ’آپ ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں‘۔گلوکار عاصم اظہر نے لکھا کہ گرتے ہیں شہسوار ہی میدانِ جنگ میں، آپ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔اداکارہ حرا مانی نے انسٹاگرام اسٹوری میں طلحہ طالب کی تصویر شیئر کی اور پوری قوم کی جانب سے طلحہ طالب کو اولمپک کے لیے کوششیں کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اداکار اظفر رحمٰن نے اولمپک گیمز میں طلحہ طالب کی پرفارمنس سے متعلق ایک خبر شیئر کی۔اداکارہ یمنیٰ زیدی نے طلحہ طالب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ’طلحہ طالب آپ نے ہمارے دل جیت لیے‘۔پاکستانی گلوکار، اداکار اور میزبان فخر عالم نے لکھا کہ ’شاباش جوان، ہمیں آپ پر فخر ہے’۔علاوہ ازیں کرکٹر محمد حفیظ نے ٹوئٹ کی کہ ’آپ کی لگن اور محنت آپ کو آگے لے جاتی ہے، مبارک ہو طلحہ طالب، آپ نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، وہ لوگ یا فیڈریشنز جو آپ جیسے ایتھلیٹس کو ضروری سہولیتیں فراہم نہیں کررہیں، ان کا احتساب ہونا چاہیے‘۔دوسری جانب طلحہ طالب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے قوم کی محبت کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ طلحہ طالب ٹوکیو اولمپکس میں 67 کلو کی کیٹگری میں حصہ لے رہے تھے اور گر کر پوڈیم سے باہر نکلنے کے آخری مرحلے تک گولڈ میڈل کی دوڑ میں شامل رہے۔پاکستانی نوجوان آخری مرحلے میں پہنچنے کے بعد پانچواں نمبر حاصل کرسکے۔