مریم نفیس کا علی امین گنڈا پور کے مریم نواز سے متعلق بیان پر اظہار برہمی

July 27, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف اداکارہ و ماڈل مریم نفیس نے وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور کے مریم نواز سے متعلق دیے گئے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔مریم نفیس نے انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کی اور لکھا کہ میں نے اس لیے پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دیا تھا، ہم خواتین اس لیے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہیں کیونکہ دنیا میں آپ جیسے مرد موجود ہیں، آپ کیسے ایک عورت سے اس طرح بات کر سکتے ہیں۔ادکارہ نے مزید کہا کہ تمیز کے دائرے میں رہ کر تنقید کریں، آپ کو معافی مانگنی چاہیے یا پھر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں، ہمیں اپنا ملک چلانے کیلئے آپ جیسے لوگوں کی ضرورت نہیں ہے۔اداکارہ نے اپنی ایک اور سٹوری میں کہا کہ تنقید تمیز سے بھی کی جاسکتی تھی، مجھے علی امین گنڈاپور نے بہت مایوس کیا کیونکہ میں سمجھتی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف دوسری پارٹیوں سے مختلف ہے، مجھے لگتا تھا یہ لوگ پڑھے لکھے اور تمیزدار لوگ ہیں۔خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور نے آزاد کشمیر انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر ذاتی حملے کیے تھے۔