کورونا کیسز سامنے آنے پر ای او بی آئی ہیڈ آفس 2 روز کے لیے بند

July 27, 2021

کراچی (اعجاز احمد،اسٹاف رپورٹر) ’’کورونا کیسز‘‘ سامنے آنے کے بعد ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن(ای او بی آئی) کا ہیڈ آفس 2روز کے لیے بند کردیا گیا، اس دوران ملازمین اپنے گھروں سے آن لائن کام کریں گے۔ای او بی آئی شعبہ ہیومن ریسورس (ایچ آر) کی جانب سے جاری ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پی ای سی ایچ سوسائٹی، بلاک نمبر 2 میں واقع ای او بی آئی کے مرکزی دفتر میں کام کرنے والے بعض ملازمین کے کووڈ۔19ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد منگل 27 اور بدھ 28جولائی کو ای او بی آئی کا مرکزی دفتر بند رہے گا، اس دوران ملازمین گھروں سے آن لائن اپنے فرائض منصبی انجام دیں گے، جب کہ مرکزی دفتر میں جراثیم کش دوائوں کا چھڑکائو کیا جائے گا۔ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام سے بذریعہ فون اپنا رابطہ قائم رکھیں اور جمعرات 29جولائی کو دفتر جوائن کریں۔