وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین پیمرا کی ملاقات، کارکردگی رپورٹ پیش

July 27, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) محمد سلیم بیگ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی اور پیمرا کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، ملاقات میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیاگیا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پیمرا کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ رائے عامہ ہموار کرنے میں میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، دورِ جدید میں میڈیا کی اہمیت اور ذمہ داری پہلے سے بڑھ گئی ہے، الیکٹرانک میڈیا نے بہت جلد ترقی کی منازل طے کی ہیں اور قومی تعمیر و ترقی کیلئے میڈیا کا کردار اپنی جگہ مسلمہ ہے،ملاقات میں پنجاب حکومت کی جانب سے اپنا ٹی وی چینل شروع کرنے کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا،وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پیمرا کی سالانہ کارگردگی رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی اشاعت سے تمام سٹیک ہولڈرز اور حکومتی اداروںکو پیمرا کی جانب سے کئے گئے ریگولیٹری اقدامات اور ان کے معیشت پر اثرات کا بھی مؤثر انداز میں پتہ چل سکے گا۔ ملاقات میں معاونِ خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ثمن رائے، ریجنل جنرل منیجرپیمرا لاہور ریجن محمد اکرام برکت اورہیڈ لیگل پیمرا طاہر فاروق تارڑ بھی شریک تھے۔