شیرخوار بچے اور اسکی ماں کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار نہیں ہوسکا

July 27, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) چھری سے وار کرکے شیرخوار بچے اور اس کی ماں کو موت کے گھاٹ اتارنے والا سنگ دل ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔ چونترہ پولیس نے ملزم واجد علی کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے لیکن ملزم تاحال پولیس کے ہاتھ نہیں آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مقتولہ سے شادی کا خواہش مند تھا اور اس کے انکار پر اس نے اسے قتل کردیا جبکہ شیرخوار بچے کو ملزم نے بے دردی سے کیوں قتل کیا اس بارے پولیس حکام کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نسیم بی بی کو لگنے والے خنجر کا زخم کافی گہرا تھا جس کا فوری طور پر آپریشن کیا گیا جس کے بعد وہ وینٹی لیٹر پر تھی اور اگلے روز وہ دم توڑ گئی۔ کیا مقتولہ کو قتل کرنے سے قبل زیادتی کی گئی اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ وہ شادی شدہ تھی اس لئے اس کا ریپ کا ٹیسٹ نہیں کیا گیا۔ تاہم خاتون کے جسم سے مطلوبہ مواد کے نمونے لیکر پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کو بھجوائے گئے ہیں۔ ملزم واجد علی کے بارے بتایا جاتا ہے کہ وہ چک بیلی بازار میں فرنیچر کا کام کرتا ہے جو وقوعہ کے بعد سے غائب ہے۔