10 اگست تک 70فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جائے گی

July 27, 2021

راولپنڈی( اپنے رپورٹرسے)کورونا کمیونٹی ویکسینیشن مہم 10 اگست تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران راولپنڈی ضلع کی 70فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی جس کے لئے 356 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو یونین کونسل کی سطح پر اپنے فرائض انجام دیں گی۔کورونا ویکسینیشن مہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عبداللہ محمود نے کہا کہ راولپنڈی ضلع سمیت پنجاب کے پانچ بڑے اضلاع میں جاری کورونا کمیونٹی ویکسینیشن مہم کے دوران خصوصی موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو مارکیٹوں اور بازاروں میں دکانداروں اور ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم راولپنڈی ضلع کی ساتوں تحصیلوں میں جاری کی گئی ہے۔ جس کے لیے ہر یونین کونسل کی سطح پر دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ضلع راولپنڈی میں اس مہم کے تحت 18 سال و زائد عمر کی 70 فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی مہم میں کام کرنے والی ٹیمیں شہریوں میں یہ بھی آگاہی پیدا کریں کہ ویکسینیشن کے باوجود کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ اس وباء کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہ مل سکے۔