بار اور بنچ کا مقصد انصاف کی فراہمی ،اصلاح کی کوشش کرینگے،جسٹس محمد امیر بھٹی

July 27, 2021

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا کہ بار اور بنچ ایک ہی مقصد کے لئے کام کرتے ہیں اور وہ مقصد عوام کو انصاف کی فراہمی ہے دونوں مل کر ادارے کو درپیش چیلنجر کا مقابلہ کریں گے اور نظام میں اصلاح کی کوشش کریں گے ۔ان خیالات کا اظہارچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے ہائیکورٹ بار راولپنڈی کے صدر سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہائیکورٹ بار کے وفد میں سیکرٹری جنرل شاہد شہزاد بھٹی، نائب صدر طارق محمود خان ایڈیشنل سیکرٹری روحما قریشی اور ممبران ایگزیکٹو شامل تھے۔چیف جسٹس نے کہا کہ نوجوان وکلا کی تربیت کے لئے سینئر وکلا کو کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پروفیشن کی اعلی روایات کو زندہ کیا جا سکے ۔ چیف جسٹس نے ہائیکورٹ بار راولپنڈی میں سینئر وکلا پر مشتمل ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کو سراہتے ہوئے نئے وکلا کے لئے سینئر کے انتخاب کا کام بھی ایڈوائزری کمیٹی یا اس طرح کی دیگر کمیٹی کے سپرد کرنے کا مشورہ دیا۔