اکابرین کی خدمات قوم کیلئے مشعل راہ ہیں‘ جے ٹی آئی

July 27, 2021

اکوئٹہ(آن لائن)جمعیت طلباء اسلام پاکستان کے مرکزی صدر حافظ ہدایت اللہ پیر زادہ اورسیکرٹری جنرل آصف اللہ مروت ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ پاکستان کی بقاء اور سالمیت کیلئے جمعیت کے اکابرین نے ہمیشہ ہر فورم پر جنگ لڑ ی ہے۔ اکابرین جمعیت کے ملک اوراسلام کے لئے لازوال قربانیاں اور خدمات قوم کے لئے مشعل راہ ہیں۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن پاکستان کی بقاء اور سالمیت کی علامت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت وزیرستان کے زیراہتمام پیغام امن و فضلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور بقاء کے لئے چالیس ہزار علماء کرام نے اپنے خون کانذرانہ دے کر ملک کی آزادی اور بقاء کو یقینی بنایا لیکن آج بدقسمتی سے مملکت خدا داد کے مقدس ایوانوں پر ایسے لوگ مسلط ہیں جو پاکستان کے قیام سے بے خبر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت طلبہ اسلام پاکستان کے لاکھوں کا رکن نئی نسل کو اسلامی تہذیب سے روشناس کرائیں۔