ہیری، میگھن کی بیٹی لیلیبٹ کا نام برطانوی شاہی تخت کے جانشینو ں میں شامل

July 27, 2021

برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی بیٹی لیلیبٹ ڈیانا کا نام برطانوی شاہی تخت کے جانشینوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی بیٹی کو برطانوی شاہی تخت کی جانشینی ملنے کے بارے میں مختلف قسم کی قیاس آرائیاں پھیلنے کے بعد آخر کار برطانوی شاہی خاندان نے نوٹس لیتے ہوئے برطانوی شاہی تخت کے جانشینوں میں لیلیبٹ ڈیانا کا نام بھی باقاعدہ طور پر شامل کر لیا ہے۔

شاہی خاندان کی آفیشل ویب سائٹ نے بھی شاہی تخت کے جانشینوں کی فہرست میں ہیری اور میگھن کی بیٹی لیلیبٹ کا نام بھی شامل کرلیا ہے۔

شاہی خاندان کی آفیشل ویب سائٹ پر شاہی تخت کے جانشینوں کی فہرست میں بے بی لیلیبیٹ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کا اپنے بڑے بھائی آرچی کے بعد آٹھواں نمبر ہے۔

واضح رہے کہ لیلیبیٹ کی فہرست میں غیر موجودگی کے بارے میں بہت سے لوگوں نے یہ قیاس آرائیاں شروع کر دیں تھیں کہ آیا یہ ایسا حادثاتی طور پر ہوا ہے یا بھر شاہی خاندان نے ڈیوک اینڈڈ چز آف سسیکس کے ساتھ جان بوجھ کر ایسا کیا ہے۔

یہ تنازعہ برطانوی پریس کی جانب سے نشر ہونے والی خبر کہ ’شاہی جوڑے نے اپنی بیٹی کے نام کو ملکہ الزبتھ دوم کے نام سے منسوب کرنے کے لیے ملکہ سے اجازت نہیں لی‘ کے بعد پیدا ہوا تھا۔