آزاد کشمیر کا وزیرِ اعظم کون ہو گا؟ عمران خان کی مشاورت

July 27, 2021

آزاد کشمیر کا وزیرِ اعظم کون ہو گا؟ اس حوالے سے وزیرِاعظم عمران خان نے اپنے قریبی رفقاء سے مشاورت شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر کے وزیرِاعظم کے لیے مختلف ناموں پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، علی امین گنڈا پور شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے پی ٹی آئی کے 3 مضبوط ترین امیدوار سامنے آ گئے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار تنویرالیاس میں سخت مقابلہ ہے جبکہ پی ٹی آئی کے چوہدری انوارالحق بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر اور مسلسل نویں مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر تیسری مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ تینوں امیدواروں نے اپنی اپنی لابنگ شروع کر دی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم کے معاملے پر مزید مشاورت کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم کا حتمی فیصلہ وزیرِاعظم عمران خان کریں گے۔