منوج باجپائی سے زیادہ بدتمیز اور گرا ہوا انسان نہیں دیکھا، سنیل پال

July 28, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف بھارتی کامیڈین سنیل پال نے بولی وڈ اداکار منوج باجپائی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں بدتمیز انسان قرار دیا ہے۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران سنیل پال سے شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کی جانب سے فحش فلمیں بنانے سے متعلق سوال پوچھا گیا۔جواب میں سنیل نے دعویٰ کیا کہ بولی وڈ میں بہت سے مشہور لوگ ایسے ہیں جو اپنے نام کا فائدہ اٹھا کر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بغیر کسی سینسر شِپ کے ویب سیریز دِکھا رہے ہیں جنہیں انسان گھر پر بھی نہیں دیکھ سکتا۔اسی ضمن میں بھارتی کامیڈین نے کہا کہ میں خاص کر نام لینا چاہوں گا، شدید نفرت کرتا ہوں ان تین چار لوگوں سے جیسا کہ منوج باجپائی، وہ کتنا ہی بڑا اداکار ہوگا، کتنے ہی بڑے ایوارڈز ملے ہوں گے لیکن اس سے زیادہ بدتمیز اور گرا ہوا آدمی میں نے نہیں دیکھا۔سنیل پال کا کہنا تھا کہ منوج باجپائی اس قسم کی ویب سیریز بنا رہے ہیں جو ناظرین اپنی فیملی کے ساتھ نہیں دیکھ سکتے۔دوسری جانب کامیڈین نے ایمازون پرائم سیریز ’دی فیملی مین‘ پر بھی تنقید کی اور اسے فحش فلموں جیسا قرار دیا۔