ہراساں کرنیوالے کو شرمندہ کرنا دکھاوے اور منافقت کی طرح ہیں، میشا شفیع

July 28, 2021

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)گلوکارہ میشا شفیع نے اداکارہ صبا قمر کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے افراد کو سرعام شرمندہ کرنے کے بجائے سنگین مسئلے کے پس منظر کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔میشا شفیع نے صبا قمر کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ صبا قمر کا مطالبہ لیڈیز اینڈ جنٹل مین کے محاورے کی طرح منافقت پر مبنی ہے۔انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں صبا قمر کا نام لکھے بغیر تحریر کیا کہ ہراسانی میں ملوث افراد کو صرف شرمندہ کرنے کے بجائے مسئلے کی سنگین نوعیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔گلوکارہ نے لکھا کہ جنسی ہراسانی میں ملوث افراد سے نفرت کرنا، انہیں شرمندہ کرنا یا ان کا سماجی بائیکاٹ کرنے جیسے معاملات ان کی نظر میں انسٹاگرام کی زندگی میں دکھاوے اور منافقت کی طرح ہیں۔میشا شفیع نے اپنی دوسری اسٹوری میں لکھا کہ ممکن ہے کہ آپ ہونے والے کسی بھی واقعے کو بھول جائیں لیکن جو اس سے متاثر ہوتا ہے وہ پوری زندگی اس عذاب کے سا4تھ گزارتا ہے۔گلوکارہ نے لکھا کہ متاثر ہونے والا فرد، اپنے دل، دماغ اور روح میں اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کو لے کر ذہنی مسائل کے ساتھ باقی زندگی گزارتا ہے۔میشا شفیع نے مزید لکھا کہ جنسی ہراسانی میں ملوث افراد کے خلاف بات کرنے سے قبل ہمیں اپنے اعمال کا بھی جائزہ لینا ہوگا کہ ہم کس طرح انہیں تحفظ فراہم کرتے ہیں اور یہ کہ ہمیں متاثرین کی تمام جدوجہد کو بھی یاد رکھنا چاہیے، جس میں وہ سماج کی رکاوٹیں توڑ کر سامنے آتے ہیں۔میشا شفیع نے واضح طور پر صبا قمر کے بیان سے اختلاف نہیں کیا، البتہ مبہم انداز میں لکھا کہ ہمیں ہراسانی کرنے والے افراد کو صرف شرمندگی کا احساس دلانے کی لفاظی سے آگے بڑھنا ہوگا۔