لندن میں سیلاب سے انڈر گراؤنڈ اسپتال اور متعدد اسٹیشنز متاثر، کئی سڑکیں بند، ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں

July 28, 2021

لندن (وجاہت علی خان)لندن کے بعض علاقوں میں گزشتہ روز بارش سے لندن انڈر گرائونڈ، کئی اسپتال اور مشرقی لندن کا ایک بڑا حصہ سیلاب کی زد میں آگیا اس علاقہ کے دو بڑے اسپتالوں کی انتظامیہ نے مریضوں سے کہا ہے کہ وہ فوری ایکسیڈنٹ اور ایمرجنسی کیلئے دوسرے اسپتالوں سے رجوع کریں۔ موسلادار بارش سے ویپس کراس اور نیو ہیم اسپتال اور لندن انڈر گرائونڈ کے لیٹن سٹون، اسٹیپنی گرین، سینٹ جیمزپارک اور دیگر کئی اسٹیشنز میں سیلاب کی صورتحال ہے ان کے علاوہ بھی دیگر کئی اسٹیشنز بند ہیں، سیلاب کی وجہ سے دارالحکومت کی بہت سی سڑکیں بند ہیں اور ہزاروں گاڑیاں سیلاب کی وجہ سے پھنس گئیں۔ لندن فائربریگیڈ نے کہا ہے کہ چند ہی گھنٹوں میں انہیں سیلاب سے متعلق 300 سے زیادہ فون کالز موصول ہوئی ہیں۔ میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیلاب کی وجہ سے 12A اور نارتھ سرکلر روڈ کے کئی حصے بھی بند کردیئے گئے ہیں، وسطی لندن میں اتوار کے روز 41.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہےسیلاب سے مذکورہ علاقوں کے سیکڑوں کاروبار بھی متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے ایک ہفتہ کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔