سیدنا عثمان ذوالنورینؓ کی شخصیت فضیلت کی حامل ہے، عبدالاعلیٰ درانی

July 28, 2021

بریڈفورڈ(پ ر)تاریخ اسلام میں نبی اقدس کے دوہرے داماد سیدنا عثمان ذوالنورینؓ کو جو اعزازات حاصل ہوئے وہ بالکل منفردہیں ،جب بھی تحمل، بردباری، حلم الطبعی، سخاوت اور نیکی کانام لیاجاتاہے سب سے پہلے سیدنا عثمان غنیؓ کانام ذہن میں ابھرتاہے ، ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات مولاناحافظ عبدالاعلیٰ درانی نے کیا۔انہوں نے کہا سیدنا عثمان غنیؓ کی شخصیت اسلام میں نہایت اہمیت وفضیلت کی حامل ہے ،آپ خاتم النبیین کے معتمد خاص ، دوہرے داماد اور اخلاق نبوت کا عکس جمیل تھے ۔نسباً آپؓ آنحضرت ﷺ اور سیدنا علیؓ کے پھوپھی زاد ، سابقون الاوّلون اورعشرہ مبشرہ میں سے تھے ۔ حضرت عثمان بن عفانؓ کی خاندانی وجاہت ایک مسلمہ صداقت ہے، حیا و شرم اوروضع داری میں آپؓ کی شخصیت ایک مثال تھی ، سیدنا عثمان غنیؓ نے تیسرے خلیفہ راشد کی حیثیت سے امت کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں ۔کاتب وحی بھی تھے اور جامع قرآن بھی ، کیونکہ آپ نے قرآن کریم کے متفقہ نسخوں کی اشاعت عام کی ۔ مصاحف کریم کی نقول تیارکرواکے تمام بڑے بڑے مراکزمیں ترسیل فرمائی جو امت پر بہت بڑا احسان ہے ۔مولانا عبدالاعلیٰ نے کہا خلیفہ ثالث سیدنا عثمانؓ کی سخاوت بے مثال تھی ،دوبار ہجرت کرنے کی وجہ سے آپ کو ذوالہجرتین اورآنحضورﷺ کی دوصاحبزادیوں حضرت رقیہؓ اور حضرت ام کلثومؓ کے ساتھ یکے بعد دیگرے نکاح کرنے کی وجہ سے آپ کو ذوالنورین کالقب بھی ملا ۔دنیاکی تاریخ میں یہ پہلا اورآخری اعزاز تھا جس سے حضرت عثمان غنیؓ نوازے گئے ۔انہوں نے کہا سیدنا عثمان غنیؓ سے محبت و اطاعت ایک مسلمان کیلئے جنت میں جانے کی ضمانت ہے۔ خاتم النبیین ﷺ کے رفقاء میں جو مقام ان چاروں خلفاء کو بالترتیب ملا اس وصف میں بھی آنحضورﷺ تمام انبیاء کرام میں ممتاز ہیں ۔آپؓ کے تحمل وبردباری اور ہر دلعزیزی کی وجہ سے دشمنوں کے گروہ میں آپ کونبی ﷺ نے سفیربناکربھیجا جس کی وجہ سے بیعت رضوان ہوئی اور 14 سو صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کو جنت کی بشارت ملی ۔