اینٹی وائرس سافٹ ویئر پیگاسس کو تلاش نہیں کر سکتے

July 28, 2021

نیویارک /کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں مختلف شخصیات کی جاسوسی کیلئے اسرائیلی سافٹ ویئر پیگاسس کے استعمال کے حوالے سے سامنے آنے والے حالیہ انکشافات کے بعد ماہرین نے وہ طریقہ بتایا ہے جس سے یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ آپ کے سمارٹ فون میں پیگاسس سافٹ ویئر ہے یا نہیں۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سائبر سیکورٹی کے ماہر ڈیوڈ بیلابان نے اپنے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ معروف اینٹی وائرس سافٹ ویئر پیگاسس سافٹ ویئر کو تلاش نہیں کر سکتے کیونکہ یہ پروگرام کسی بھی فون میں موجود آپریٹنگ سسٹم کی بنیادی معلومات میں چھیڑ چھاڑ کر کے انہیں خراب کر دیتا ہے۔ ہیومن رائٹس کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک سافٹ ویئر تیار کیا ہے جس کا کام پیگاسس تلاش کرنا ہے۔اس سافٹ ویئر کا نام ایم وی ٹی (موبائل ویری فکیشن ٹوُل کٹ) ہے اور اس کا سورس کوڈ GitHub پر موجود ہے۔یہ سافٹ ویئر اینڈروئیڈ اور ایپل آئی او ایس دونوں کیلئے دستیاب ہے تاہم، یہ سافٹ ویئر کسی مخصوص ڈیوائس کیلئے نہیں ہے، لینکس یا پھر میک او ایس کے ذریعے اسے کسی مخصوص ڈیوائس کیلئے تیار کرکے اس میں انسٹال کیا جا سکتا ہے۔