برمنگھم ملٹی کلچر اورملٹی فیتھ شہر ہے،طاہر علی ایم پی

July 28, 2021

برمنگھم ( پ ر) برمنگھم ایک ملٹی فیتھ اور ملٹی کلچر شہر ہے ،یہاں پر بسنے والے ایک دوسرے کی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں جو خوش آئند بات ہے، مسلم کمیونٹی بھی اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شریک کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں ہر سال عید میلہ ہوتا ہے جس میں غیر مسلم بھی شرکت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہال گرین برمنگھم کے ایم پی طاہر علی نے یوکے اسلامک مشن سپارک ھل برانچ کے زیر اہتمام عید پارٹی میں کیاجو پیغام اسلام مسجد میں منعقد ہوئی۔عید پارٹی کی صدارت ناظم برانچ مولانا محمد ریاض نے کی ، عید پارٹی میں زیادہ تعداد میں غیر مسلموں نے شرکت کی جن میں عیسائی، ہندو اور سکھ مذہب کے افراد شامل تھے۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض خواجہ محمد سلیمان نے ادا کئے ۔پیغام اسلام مسجد کے خطیب مولانا محمد سجاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی تعلیم توحید رسالت اور آخرت کے عقیدے پر مبنی ہے ۔