اسلام آباد ہائیکورٹ، چیئرمین، صدر نیشنل بنک کی تقرری کالعدم قرار دینے کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلیں یکجا کرنیکی ہدایت

July 28, 2021

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے چیئرمین اور صدر نیشنل بنک کی تقرری کالعدم قرار دئیے جانے کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیلیں یکجا کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ منگل کو نیشنل بنک سٹاف یونین کے چیف آرگنائزر لطیف قریشی کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار اپنے وکیل ڈاکٹر جی ایم چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ انٹراکورٹ اپیل کا فیصلہ ہونے تک سنگل بنچ کا فیصلہ بحال کیاجائے۔ صدر نیشنل بنک عارف عثمانی اور چیئرمین زبیر سومرو نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کا فیصلہ چیلنج نہیں کیا ہے۔ انٹرا کورٹ اپیل میں صدر نیشنل بنک کی اہلیت کا فیصلہ زیر التواءہے۔ عدالت نے جواب کیلئے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو دونوں درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کر دی۔