استحقاق کمیٹی، تمام پارلیمنٹرینز کو سیکورٹی فراہم کرنیکا حکم

July 28, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق نے تمام پارلیمنٹرینز کو سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دیدیا ، قائمہ کمیٹی قواعد و ضوابط سے متعلق دستور سازی اور حقوق کے قوانین سے متعلق قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس چیئر مین کمیٹی رانا محمد قاسم نون کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی طرف سے اٹھائے گئے استحقاق کے سوال پر کمیٹی نے متفقہ طور پر پیمرا کو بول ٹی وی چینل کا لائسنس منسوخ کرنے اور بھاری جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت کے ساتھ استحقاق کے سوال کو نمٹا دیا ، رکن اسمبلی محمد اسلم خان کی شکایات پر کمیٹی نے سفارش کی کہ قومی اسمبلی کے ممبران محترمہ شگفتہ جمانی ، مسٹر فہیم خان ، محترمہ کیشور زہرہ ، مسٹر اسلم خان اور محترمہ شاہدہ رحمانی کو اعزازی طور پر سکیورٹی کیلئے دو دو گن مین فراہم کیے جائیں،استحقاق کا معاملہ اگلے اجلاس تک موخر کر دیا گیا، اقلیتی رکن رمیش لال کی طرف سےڈپٹی سیکرٹری ، محکمہ خزانہ ، سندھ عامر ضیاء ایسرا ن کے خلاف شکایت پر ڈپٹی سیکر ٹری غیر مشروط معافی مانگ لی ، رکن اسمبلی علی گوہر خان کی آر پی او راولپنڈی کی طرف سے ٹیلیفون کال نہ سننے کا معاملہ استحقاق کے سوال کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا،رکن قومی اسمبلی غوث بخش خان مہر کی طرف سے اٹھائے گئے استحقاق کے سوال پر کمیٹی نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ معاملے کی تحقیقات کرے اور اپنی اگلی میٹنگ میں کمیٹی کو رپورٹ کرے ، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے معاملے پر کمیٹی ممبران نے ہدایت کی کہ چیئرمین ، اوگرا اور اس کے تمام ممبران کمیٹی کے اگلے اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کریں۔ کمیٹی نے ایم ڈی ایس این جی پی ایل کو محرک کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ، یہ بھی ہدایت کی کہ روہجن اور کشمور میں مشترکہ صارفین خدمات مرکز قائم کیا جائے۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر معاملہ نمٹانے کا فیصلہ دیا۔