سینیٹ کمیٹی، کورونا کے باعث چین کو پاکستانی چاول اور مچھلی کی رُکی برآمدات کلیئر

July 28, 2021

اسلام آباد( کامرس رپورٹر )سینیٹ قائمہ کمیٹی تجارت کو بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات بند ہوگئی تھیں جن میں سے 80فیصد کلیئر کر دی گئی ،ای ڈی جی کامرس نے بتایا کہ پاکستانی چاول کی بوریوں کے پیندے میں ڈیڈ کورونا وائرس پایا گیا جس کی وجہ سے چین نے چاول کی برآمدات روک دی تھی لیکن ان میں سے 80فیصد کلیئر کر دی گئی اور پاکستان میں وائرس سے محفوظ رکھنے کےلیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں ، مچھلی مصنوعات کی چھ کمپنیوں کی پیکنگ میں بھی کورونا وائرس پایا گیا جس کی وجہ سے چین نے چھ کمپنیوں سے کورونا وائرس کی موجودگی کے باعث فشریز کی برآمدات بھی روک لیں اس حوالے بھی پاکستان میں وائرس سے پیکنگ کو محفوظ رکھنےکےلیے اقدامات کیے گئے، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی کمپنی کراچی میں فیکٹری لگا ر ہی ہے، جنوری 2022 میں پاکستان موبائل کی برآمدات شروع کر دے گا، پاکستان کی برآمدات بہت محدود شعبوں پر مشتمل ہے ہمیں نئے سیکٹرز کی طرف جانا ہوگا، ہم انجینئرنگ گڈز،فارماسوٹیکل،اٹو پارٹز، فروٹ اینڈ ویجٹیبل،گوشت،پولٹری سمیت 11 نئے شعبے لارہے ہیں جس سے ہماری برآمدات مزید بہتر ہوں گی، کمیٹی اجلاس میں سیکرٹری تجارت کی عدم موجودگی پر ارکان کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سارے ممبرزکمیٹی میں شرکت کیلئے اتنے دور سے آتے ہیں توسیکرٹری تجارت کیوں نہیں آسکتے؟