کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی لائن پھٹ گئی

July 28, 2021

گھارو ( نامہ نگار ) واٹر بورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی آنکھ مچولی،مرکزی لائن ایک بار پھر دھماکے سے پھٹ گئی،کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ کےالیکٹرک کی جانب سے واٹربورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی آنکھ مچولی کے دوران پانی کے بیک پریشر سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی مرکزی لائن نمبر5ایک بار پھر دھماکے سے پھٹ گئی۔ مذکورہ لائن سے کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ لاکھوں گیلن پانی ضائع ہونے سے بڑا علاقہ زیرآب آگیا۔اطلاع ملنے پر واٹربورڈ گھارو ڈویژن سول کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر لال محمد سموں اور ایگزیکٹیو انجینئر محمد اقبال پلیجو نے عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر متاثرہ لائن کا وال بند کرکے مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔واٹربورڈ انتظامیہ کے مطابق لائن کی مرمت کاکام آج مکمل کر لیا جائے گا۔دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی میں کروڑوں گیلن کمی کا سامنا رہے گا۔