آئی جی کی اسلام آباد ٹریفک پولیس کو زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہونیکی ہدایت

July 28, 2021

اسلام آباد( ایوب نا صر،خصوصی نامہ نگار ) آئی جی قاضی جمیل الرحمان نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت کر دی ۔ انہوں نے ایس ایس پی ٹریفک کرار حسین شاہ کو ہدایت کی ہےکہ وہ وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں پر بے ہنگم ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف ٹریفک قوانین کے تحت کارروائی کو یقینی بنائیں موٹرسائیکل سواروں کے حادثات پر کنٹرول کریں،نوجوانوں کی اموات معاشرتی مسائل میں اضافے کا موجب بنتی ہیں،جنگ سے گفتگو کرتے ہو ئے آئی جی نے اسلام آباد پولیس کی تربیت کا عندیہ دیا اور کہاکہ انہیں اس ضمن میں وزیر داخلہ کی سطح پر فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ،وفاقی دارالحکومت کو کرائم فری سٹی بنانا میری بھی خواہش ہے مگر یہ سب کچھ اکیلی پولیس نہیں کر سکتی ،شتر بے مہار امیر زادوں کو قابو میں لانے کے لیے ٹریفک پولیس کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹوں کے خلاف مہم کا آغاز کر چکی ہے ،جس کے نتیجہ خیز ہونے سے جرائم میں واضح کمی آئے گی۔