رنگ روڈ،ضلع اٹک میں ایکوائر اراضی ڈی نوٹیفائی کرنیکا فیصلہ

July 28, 2021

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) رنگ روڈ منصوبہ سکینڈل کے بعد ضلع اٹک میں پراجیکٹ کیلئے ایکوائر کی گئی اراضی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق محکمہ مال ضلع اٹک سے ایکوزیشن والی اراضی کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور پوچھا گیا ہے کہ اب تک کتنی اراضی ایکوائر ہوئی،کتنی اراضی کا انتقال ہوا،کتنی اراضی کا قبضہ لیا جاچکا ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق ضلع اٹک میں ایکوائر کی گئی اراضی کا قبضہ نہیں لیا گیا ہے۔ ضلع کی تحصیل فتح جنگ میں رنگ روڈ منصوبہ کے تحت تقریبا چار ہزار4سو کنال اراضی ایکوائر کی جارہی تھی جو دس مواضعات میں موجود تھی۔ ضلع اٹک میں لینڈ ایکوزیشن کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ وزیر اعلی پنجاب کو پیش کی گئی انٹی کرپشن کی انکوائری رپورٹ کے بعد کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق رنگ روڈ منصوبہ میں لینڈ ایکوزیشن کے ذریعے خزانے کو دو ارب دس کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیاجبکہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی رپورٹ میں دو ارب تیس کروڑ روپے کی ایکوزیشن بتائی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق منصوبہ کیلئے2275ایکڑ اراضی میں سے1385اعشاریہ7ایکڑ جو 61فیصد بنتی ہے ایکوائر کرکے پنجاب حکومت کے نام منتقل کرائی جاچکی تھی۔اس میں سے61فیصد کے قریب ضلع اٹک اور22فیصد کے قریب ضلع راولپنڈی میں اراضی تھی۔اب ضلع اٹک والی اراضی پنجاب حکومت واپس کرکے رقم وصول کرنا چاہ رہی ہےجس پر پیپر ورک جاری ہے۔پنجاب حکومت اور بورڈ آف ریونیو سے منظوری کے بعد لینڈ ایکوزیشن کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جلد متوقع ہے۔