سی ڈی اے کی بس سروس دسمبر تک شروع ہو نیکا امکان

July 28, 2021

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارے کے چیئرمین عامر علی احمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بورڈ ممبران نےچیئرمین کو اسلام آباد بس سروس منصوبے پر بریفنگ دی، منصوبے کو حتمی منظوری کے لئےوفاقی کابینہ کو بھجوایا جائے گا۔اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے سی ڈی اے انتظامیہ "اسلام آباد بس سروس" کے نام سے منصوبے کو زیر غور لارہی ہے جس کو وفاقی کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد شروع کردیا جائے گاابتدائی طور پر منصوبے میں 30 بسیں شامل کی جائیں گی، جنکی تعداد میں اضافہ کردیا جائے گا ۔سروس کا آ غاز سواں "انٹر چینج تا فیصل مسجد"، "بہارہ کہو تا فیض احمد فیض میڑو سٹیشن" اور "ترنول ریلوے اسٹیشن تا این فائیو میڑو بس اسٹیشن" ہوگا، روٹس پر 64 اسٹاپس (اسٹیشنز) ہونگے، ہر بس اسٹاپ پر عوام کی سہولت کے لئے ٹک شاپ اور عوامی ٹوائلٹ کے ساتھ سیکورٹی کے انتظامات بھی کئے جائیں گے۔بسیں ائیر کنڈیشنڈ اور ہر بس میں 70 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ ابتدائی طور پر بس سروس کا دورانیہ پیر تا جمعہ صبح ساڑھے چھ بجے تا رات ساڑھے نو بجے تک جبکہ ہفتہ اور اتوار کو صبح آ ٹھ بجے تا رات دس بجے تک ہوگا۔واضح رہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ بسوں کی خریداری، بس اسٹاپس کی تعمیر، تزئین و آرائش، ڈپو اور پارکنگ ایریاز کی تعمیر کرے گی، جبکہ منصوبے کی نگرانی میڑو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کرے گا، توقع کی جارہی کہ وفاقی کابینہ کی باقاعدہ منظوری کے بعد یہ منصوبہ دسمبر تک عوام کے لیے شروع کر دیا جائے گا۔