کنٹریکٹ کےخاتمہ پر احتجاج کرنیوالوں کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکدیا گیا

July 28, 2021

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ینگ نرسز ایسوسی ایشن کانےکنٹریکٹ کے خاتمے کیخلا ف وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کیا۔پولیس نے ریڈ زون میں داخل ہونے سے روک دیا ۔مظاہرین اور پولیس اہلکاروں میں دھکم پیل کے بعد متعدد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ منگل کو ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے کنٹریکٹ میں توسیع نہ ہونے کیخلاف سول ہسپتال کوئٹہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کیا اس دوران پولیس نے مظاہرین کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روک دیا۔پولیس نے ینگ نرسز ایسوسی ایشن بلوچستان کے عہدیداروں و مظاہرین کو گرفتار کرلیا ۔مظاہرین کی گرفتاری کیخلاف ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے صوبے بھر میں ہسپتالوں میں ڈیوٹی سے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے مظاہرے میں شریک خواتین کو زبردستی کھینچ کر ریڈزون میں داخل ہونے سے روکا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پرامن طریقے سے وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب ریڈزون میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے تھے تاہم پولیس نے زور زبردستی ہمیں آگے جانے سے روک دیا، انہوں نے کہا کہ ملازمتوں میں توسیع اور دیگر مطالبات کی منظوری تک ہمارا پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔