ایک دم سے آئی آفت سے نمٹنے کے اقدامات کر رہے ہیں، ڈی سی اسلام آباد

July 28, 2021

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نالوں کی صفائی کا کام کیا، ایک دم سے آفت سے نمٹنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

ڈی سی اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں انتظامیہ کی ٹیمز موجود ہیں، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھروں میں پانی داخل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈی 12 تک کا علاقہ کلیئر کروا لیا تھا، پانی وہاں گھروں میں داخل ہوا جہاں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ہے اور گھروں کی بیسمنٹ ہے، صبح میں کلاؤڈ برسٹ ہوا جس کے باعث پانی کا بہاؤ زیادہ ہوا ۔

ڈی سی نے کہا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کیخلاف پہلے سے ہی ایف آئی اے اور نیب میں کیسز چل رہے ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ 10 سے 15 سال پہلے بنی عمارتوں کا کیا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ جو تجاوزات ہیں ان کو ہم آج ہی ختم کر رہے ہیں، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو کہہ دیا ہے کہ گاڑیاں برآمد کروائیں، جو بھی شہریوں کا نقصان ہوا ہے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ سے وصول کروایا جائے گا۔

ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ بلڈنگز کی بیسمنٹ میں پانی اس لئے داخل ہوا کہ عمارتوں کو واٹر پروف نہیں بنایا گیا، گھنٹہ ڈیڑھ میں یہ سارا علاقہ کلیئر کروا دیا جائے گا۔