پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا پہلا ٹی 20 بارش کے سبب بے نتیجہ قرار

July 29, 2021

برج ٹاون،بارباڈوس(جنگ نیوز)ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی 20 بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا ۔ اس طرح اب یہ سیریز تین میچوں کی ہوکر رہ گئی ہے۔ویسٹ انڈیز نے 9 اوورز میں85رنز بنائے۔ بیٹنگ ختم ہوتے ہی بارش شروع ہوگئی اور میچ کو ختم کردیا گیا۔کپتان کیرون پولارڈ نے 9گیندوں پر22رنز دو چھکے اور ایک چوکا لگاکر بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ محمد وسیم جونیئر نے کرس گیل کو آؤٹ کر کے پہلی انٹرنیشنل وکٹ لی ۔ ان کی ایک تیز گیند اوپنرلنڈل سمنز کو لگی جس سے وہ زمین پر گر گئے ہوئے ۔ میچ کا چوتھا اوور محمد حفیظ نے کرایا جس میں نکولس پوران نے دو چھکے لگائے۔ وہ ایک اور چھکا کی کوشش میں 13 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ حسن علی نے دو اوورز میں گیارہ رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ محمد وسیم، محمد حفیظ اور عثمان قادر کو ایک ایک وکٹ ملی ۔برج ٹاؤن میں مسلسل بارش کی وجہ سے میچ اڑھائی گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا ،جسے نو اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا تھا۔ پاکستان نے شرجیل خان اور اعظم خان کو ایک بار پھر ٹیم میں شامل کیا۔