لندن میں سیلابی کیفیت موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے، صادق خان

July 29, 2021

لندن(پی اے ) لندن کے میئر صادق خان نے لندن میں سیلابی کیفیت کو کلائمٹ میں تبدیلی کے خطرات کی علامت قرار دیاہے ،لندن میں گزشتہ اتوار کو ایک دن میں ایک ماہ کے مساوی بارش سے گھر، سڑکیں اور ٹیوب اسٹیشن زیر آب آگئے ،جبکہ ایک ہسپتال میں پانی بھر جانے کی وجہ سے تمام آپریشن منسوخ کرنا پڑے ،لندن کے میئر صادق خان بارشوں سے پیداہونے والی سیلابی صورت حال پر غور کونسلوں، ٹرانسپورٹ فار لندن،لندن فائر بریگیڈ اور ماحولیاتی ایجنسی کے ارباب اختیار کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں جس میں اس بات پر غور کیاجائے گا کہ سیلاب سے کس طرح بچا جاسکتاہے یا اس کے اثرات کو کس طرح کم کیاجاسکتاہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے برطانیہ کے وسیع علاقے میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے اور یلو وارننگ جاری کردی ہے۔ جبکہ موسم کی پیشگوئی کرنے والے ماہرین نے ویلز اور شمالی اوروسطی انگلینڈ میں 3 گھنٹے کے اندر60ملی میٹر تک بارش کا خدشہ ظاہرکیاہے۔گرج چمک کے ساتھ بارش کی یہ پیش گوئی بدھ تک کیلئے جبکہ اسکاٹ لینڈ کیلئے علیحدہ وارننگ جاری کی گئی ہے جہاں 100-120ملی میٹر تک مسلسل شدید بارش ہونے کاامکان ہے۔ صادق خان نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز اور لوکل کونسلوں کو اتوار کو موسم کے حوالے سے سیکڑوں کالز موصول ہوئیں۔انھوں نے کہا کہ شدید بارشوں نے لندن کے شہریوں کو پریشان کردیاہے اور اس سے ظاہر ہوتاہے کہ کلائمٹ میں تبدیلی کے خطرات اب ہماری طر ف بڑھ رہے ہیں۔صادق خان نے کہا کہ محدود اختیارات کے باوجود میرا اور کونسل کے عہدیداروں کی اولین ترجیح سیلاب اور اس کے اثرات کو روکنے کی کوشش کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ میں نے واٹر کمپنیوں سمیت جن کے انفرااسٹرکچر کے اپنے مسائل ہیں جو بارش میں بہت بڑھ جاتے ہیں ،تمام کلیدی شعبوں کے لوگوں کو جمع کیاہے تاکہ یہ سوچا جاسکا کہ مزید کیا کیا جاسکتا ہے اتوار کو سب سے زیادہ بارش لندن کے سینٹ جیمز پارک کے علاقے میں ہوئی جہاں 41.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔