چوہدری یاسین نے 2 حلقوں سے کامیاب ہو کرتاریخ رقم کردی، طاہر چوہدری

July 29, 2021

لوٹن (نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر میں اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین کی دو انتخابی حلقوں سے کامیابی پر مسرت کا اظہارکیا جارہا ہے،طاہر چوہدری نے اس سلسلے میں کیک کاٹنے کی ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں اعجاز کھوکھر کے علاوہ ان کی فیملی نے شرکت کی۔ طاہر چوہدری اور اعجاز کھوکھر نے کہا کہ چوہدری محمد یاسین نے دو الگ الگ انتخابی حلقوں سے کامیابی حاصل کر کےکوٹلی میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے ۔ایک اورتقریب کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کشمیر فورم کے چیئرمین چوہدری محمد بشیر کے قریبی عزیز پاکستان پیپلز پارٹی کے ایگزیکٹو ممبرچوہدری محمد عارف ناروی نے کیا انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد یاسین کی دو انتخابی حلقوں سے کامیابی نہایت حوصلہ افزا بات ہے اور عوام کی جانب سے اعتماد کا مظہر ہے۔تقریب میں پی پی لوٹن کے عہدے داروں چوہدری عارف اور چوہدری نثار نے بھی شرکت کی، لوٹن سے آزاد کشمیر گئے ہوئے پی پی کے رہنما لالہ چوہدری محمد تاج سمروڑ ، پیپلز پارٹی الخرج سعودی کے سابق صدر چوہدری اقبال شیرازی اور پی پی لوٹن کے چوہدری محمد عظیم نے چوہدری محمد یاسین کی کامیابی کو جمہوریت کی مضبوطی قرار دیا۔