اگلے انتخابات میں سندھ کا فیصلہ مختلف ہوگا‘شاہ محمود قریشی

July 29, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ 12 سال سے متبادل دیکھ رہے ہیں‘ سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، اگلے الیکشن میں سندھ کا فیصلہ مختلف ہوگا‘ سندھ کو فتح کرنا ہمارا مقصد نہیں ہے، 13سال میں صوبے کے لوگوں کی بس ہوگئی،اٹھارہویں ترمیم کا راگ الاپنے والے اپنی کارکردگی تو بتائیں ،یہ لوگ قومی اسمبلی آکر تقریر کرتے ہیں کہ جمہوری روایات کا پاس ہونا چاہیے لیکن وہ پہلے سندھ میں بھی جمہوری روایات کا پاس تو کریں۔بدھ کو سینئر سیاستدان سردار ممتاز بھٹو کی وفات پر ان کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے موجودہ حکمرانوں پر اعتماد کیا لیکن آج سندھ کے لوگ لاچارگی سے دوچار ہیں۔