نیب، ایک ارب 8 کروڑ روپے سے زائد کی پلی بارگین منظور

July 29, 2021

اسلام آباد (بلال عباسی) نیب نے جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیس میںایک ارب 8 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد کی پلی بارگین منظور کرلی، گلشن رحمان زون فور کے نام پر دھوکہ دہی سے رقم لی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نام پر لوٹ مار کے معاملے پر نیب راولپنڈی کو بڑی کامیابی مل گئی، میسرزایکوریٹ بلڈرز اینڈ کنسٹرکٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کی پلی بارگین منظور کرلی گئی، ملزمان میں جنید اصغر ،بازید اصغر،محمد نعیم خان ،محمد فاروق انصاری شامل ہیں۔

نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسر نے درخواست احتساب عدالت میں جمع کرادی ، جس میں کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف 2011میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا گیا، ملزمان کے ذمےواجب الادا رقم 1ارب روپے سے زائد تھی۔

نیب راولپنڈی میں 4 ہزار سے زائد کلیم کی ویری فکیشن کا مرحلہ جاری ہے، اس حوالے سے اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیب راولپنڈی کی سوسائٹیز کے نام پر دھوکہ دہی مقدمے میں تاریخی ریکوری کی اور فراڈ مقدمات میں یہ سب سے بڑی ریکوری ہے,برآمد رقم متاثرین کو اسکروٹنی کے بعد واپس کی جا رہی ہے

ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ نے پلی بارگین کیلئے درخواست دائر کی تھی ، ملزم نے پرنٹ،الیکٹرانک میڈیا پر غیر قانونی سوسائٹی کی تشہیر کی جبکہ ملزمان نےہاؤسنگ سوسائٹی کےاین اوسی کیلئے اپلائی نہیں کیا تھا۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے کہا کہ نیب راولپنڈی لوٹی رقم قومی خزانےمیں جمع کرانے کیلئےپرعزم ہے، عوام بغیراین اوسی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری سے باز رہیں۔