افغان امن عمل میں بھارت کی شمولیت قبول نہیں‘ عمران خان

July 29, 2021

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک مقبوضہ کشمیر کا سابقہ اسٹیٹس بحال نہیں ہوجاتا تب تک بھارت سے بات چیت اورسہ فریقی افغان امن عمل میں انڈیا کی شمولیت کو قبول کرنا ممکن نہیں‘پاکستانی عوام افغانوں کو پڑوسیوں کی بجائے اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روز پاک افغان یوتھ فورم کے وفد سے گفتگو کے دوران کی جس نے اسلام آ باد میں ان سے ملاقات کی ۔وزیراعظم کا کہناتھاکہ پاکستان دنیا میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ افغانستان میں امن چاہتا ہے کیونکہ اگر افغانستان میں امن ہوتا ہے تو پاکستان کو وسط ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل ہوجائے گی‘ہم پہلے ہی ازبکستان کے ساتھ مزار شریف ، پشاور ریلوے لائن کے لئے معاہدہ کر چکے ہیں جو افغانستان کے راستے پاکستان پہنچے گا۔ افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں بلکہ سیاسی طریقے سے ممکن ہے، حکومت کو اس مؤقف پر عسکری اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے، کشمیریوں اور اقلیتوں پر مظالم ہندوستان کے ساتھ امن میں بڑی روکاوٹ ہیں۔ مہاجر کیمپوں میں افغانیوں کا کرکٹ سیکھنا قابل تعریف ہے ۔