تاجروں کو تباہی سے بچانے کیلئے حکومت کو دادرسی کرنی چاہئے، آفاق احمد

July 29, 2021

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) مہاجر قومی مومنٹ کے چیئر مین آفاق احمدسے شادی ہال ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت مختلف تاجرتنظیموں کے وفود نے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے کاروبار کی تباہی سے آگاہ کیا۔آفاق احمد نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تاجروں کو تباہی سے بچانے کیلئے حکومت کو انکی دادرسی کرنی چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح ناگہانی آفات کی وجہ سے فصلوں کی تباہی پر زمینداروں کا آبیانہ اور ٹیکس معاف کئے جاتے ہیں اسی طرح سندھ کے شہری علاقوں کو جہاں کی معیشت زراعت پر نہیں صرف تجارت پر مشتمل ہے آفت زدہ قرار دے کر ٹیکسزمیں چھوٹ دی جائے۔ آفاق احمد نے کہا کہ باربارکے لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی حال کی صنعت جس سے تقریباًچالیس ہزار لوگوں کاروزگار جڑا ہوا مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے۔