ای الیون میں سڑکوں ،پلوں اور نجی عمارتوں کو نقصان کی انکوائری کا حکم

July 29, 2021

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد کے چیف کمشنر عامر علی احمد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بدھ کو موسلا دھار بارش کے نتیجے میں سیکٹر ای الیون میں پانی جمع ہونے سے سڑکوں ،پلوں اور نجی عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور 48گھنٹے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔رجسٹرار کوآ پریٹیو سوساٹیز اسلام آباد کو ہدایت کی گئی ہےکہ سیکٹر ای الیون میں موجود ہائوسنگ سوسائٹیوں کی انتظامیہ سے ریکارڈ حاصل کر کے ان کے نقشوں اور پلانز کا معائنہ کر کے تعمیراتی خامیوں کی نشاندہی کر کے متعلقہ ریکارڈ کی چھان بین کریں، حالیہ تباہ کاریوں اورکروڑوں روپے کے نقصان کا موجب بننے والی غفلت اورخلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا تعین کریں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ،انفرا سٹکچر کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے عملی تجاویز پیش کریں۔ چیف کمشنر کے حکم کی کاپی اسلام آباد کے آئی جی ،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایس ایس پی آیشنز کو بھی بھیجی گئی ہے ۔