اسد عمر نےسیکٹر ای الیون میں پیش آنیوالے واقعہ کا نوٹس لےلیا

July 29, 2021

اسلام آباد ( کامرس رپورٹر ) وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سیکٹر ای الیون میں پیش آنیوالے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی اور ای الیون میں تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کو فوری مسمار کرنے کی ہدایت کر دی اور ڈی سی اسلام آباد کو سیکٹر میں قائم ہائوسنگ سوسائیٹیوں کی فوری انکوائری اور غیر قانونی تعمیرات کے تعین کی ہدایت بھی کی ، اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان ، کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ، اسد عمر نے سیکٹر ای الیون میں گھروں میں پانی داخل ہونے کی وجوہات اور غیر قانونی تعمیرات کی موجودگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور ماں بیٹے کی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ، وفاقی وزیر نےای الیون کی تمام تجاوازات اور ایسی غیر قانونی تعمیرات جن کی وجہ سے بارش کا پانی کھڑا ہوا اسکو فوری طور پر مسمار کرنے کی ہدایات دیں، کمشنر اسلام آباد عامر احمد نے بتایا کہ واقعہ پر تحقیقات کا حکم دیاجا چکا ہے اور جلد ہی تمام حقائق مکمل کر کے حکومت کو پیش کئے جائینگے، وفاقی وزیر نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایات دیں کہ وہ سیکٹر میں قائم تمام سوسائٹیز کے حوالے سے فوری طور پر انکوائری اور غیر قانونی تعمیرات کا تعین کریں تاکہ ان سے متعلق ضروری اقدامات کئے جائیں، وفاقی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو مزید ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ای الیون کے سیکٹر اور اسکے اردگرد نالوں کے قریب موجود کچی آبادیوں میں رہنے والے مکینوں کیلئے متبادل جگہ کا انتظام کریں، انہوں نے تمام کچی آبادیوں میں فوری طور پر حفاظتی اقدامات سے متعلق اعلانات کروانے ،مزید بارشوں اور پانی کے خطرے میں اضافے کی صورت میں مکینوں کو کچی آبادیوں سے فی الفور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے انتظامات کی ہدایات دیں۔