کیچمنٹ ایریا میں زیادہ بارش سے نالہ لئی لیول میں اضافہ ہوا

July 29, 2021

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) راجہ شوکت محمود نے گزشتہ روز نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی کی سطح کٹاریاں پل پر 21 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 17 فٹ تک پہنچ گئی تھی تاہم واسا راولپنڈی نے مون سون سے پہلے نالہ لئی کی صفائی کا کام مکمل کر لیاتھا جس کی وجہ سے کسی قسم کی سیلابی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ علی الصبح بارش شروع ہوئی تو واسا راولپنڈی کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ پہلے ہی فیلڈ میں موجود تھا۔ سیدپور میں 128 ملی میٹر، گولڑہ میں 107 ، پی ایم ڈی میں 70 جبکہ بوکڑہ کے مقام پر 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا میں بارش زیادہ ہونے کی وجہ سے نالہ لئی میں پانی کے لیول میں اضافہ دیکھا گیا۔ آ ئند ہ دو تین دن میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے اور واسا ہائی الرٹ پر ہے۔