ہیپاٹائٹس کا عالمی دن، واکس،سیمینار،بیماری سے متعلق آگاہی

July 29, 2021

لاہور (خصوصی نمائندہ)دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایاگیا ، جناح ہسپتال میں عوامی آگاہی کے لیے واک کا اہتمام کیا گیا جس میں پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج عارف تجمل ، پروفیسر خالد محمود خان ، پروفیسر شاہد سرور، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یحییٰ سلطان ،ڈاکٹروں ، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آگاہی مہم کو امسال ہیپاٹائٹس انتظار نہیں کرسکتاکا عنوان دیا گیا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ورلڈہیپاٹائٹس ڈے کے حوالے سے سیمینار ہوا۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سے ہونے والی اموات کورونا سے کہیں زیادہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کی وبا جلد تاریخ کا حصہ بن جائے گی لیکن ہیپاٹائٹس کے مرض سے جلد جان چھٹنے والی نہیں میزبانی شعبہ پبلک ہیلتھ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شہنور اظہر نے کی۔ پروفیسر آفتاب محسن نے کہا کہ پروفیسر آفتاب محسن کا کہنا تھا کہ غیر محفوظ سرنجز کے حوالے سے قانون 2010ء میں بھی بن رہا تھا اور 2021ء میں بھی بننے کے مرحلے سے باہر نہیں آیا۔ ملک میں ہر روز410 افراد ہیپاٹائٹس سی سے مررہے ہیں ۔ پی کے ایل آئی لاہور کے شعبہ گیسٹرو انٹیرولوجی کے سربراہ پروفیسر عارف صدیقی نے کہا کہ ہر حاملہ خاتون کی ہیپاٹائٹس بی اور سی کیلئے سکریننگ ہونی چاہیے۔ ڈاکٹرخالد محمود پروفیسر کاشف ملک ، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ جہاں نے روشنی ڈالی۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ سارہ اسلم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28جولائی کو پوری دنیا میں جگر اور اس سے متعلقہ امراض کی آگاہی کا دن منایا جاتا ہے اس مرض کی تشخیص اور شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔