کابینہ کمیٹی برائے قانون کااجلاس،قانونی تجاویز پرغوروحوض

July 29, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی،خصو صی رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے قانون کا 67 واں اجلاس ہوا جس میں مختلف محکموں کی قانونی تجاویز پر غور و خوض کیا گیا ۔کابینہ کمیٹی نے جن امور کی منظوری دی ان میں اسلحہ لائسنسوں کو ڈیجیٹائز کرنے کے منصوبے میں ایک سال کے لیے توسیع، امن عامہ کے قیام کے لیے محکمہ داخلہ کو ایم پی او کے تحت مزید اختیارات منتقل کرنے کی ترمیم، پنجاب ہائی سیکورٹی زونز اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 2021 ء کا مسودہ، ایل ڈی اے کے ممبر کی خالی نشست پر طارق ثناء باجوہ کی بطور ممبر نامزدگی، چیریٹیبل انڈومنٹ بزنس کو محکمہ سکول ایجوکیشن سے لے کر محکمہ سوشل ویلفیئر کو منتقل کرنے کے لیے پنجاب بزنس رولز 2011ء میں ترمیم اور فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی تجاویز شامل تھیں۔ کمیٹی نے اجلاس میں محکمہ انرجی کے افسران کی عدم موجودگی پر پنجاب تھرمل پاور کمپنی اور قائد اعظم سولر پاور کمپنی کے سی ای اوز کی تقرری کی تجویز موخر کر دی۔