چین: ڈیلٹا کورونا کا پھیلاؤ، ننجنگ ایئر پورٹ بند

July 29, 2021

چین میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ کا پھیلاؤ جاری ہے جس کے باعث متاثرہ شہر ننجنگ میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بند کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چینی شہر ننجنگ میں پوری آبادی کی تیسری مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔

چین بھر میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 49 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

چین کورونا کیسز کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 107 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 92 ہزار 811 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 کروڑ 67 لاکھ 12 ہزار 916 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 42 لاکھ 3 ہزار 749 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 43 لاکھ 84 ہزار 336 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 86 ہزار 725 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 17 کروڑ 81 لاکھ 24 ہزار 831 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔