2021ء حکومت کی کامیابی کا سال

July 30, 2021

میں نےدو ہفتے پہلے اپنے کالم ’’سیالکوٹ میں تبدیلی کا واضح امکان‘‘ میں سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی کی پیش گوئی کی تھی ،جو حرف بہ حرف پوری ہوئی ۔اس جیت پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور قیصر بریارکو مبارک باد۔یہ نون لیگ کی نشست تھی ۔واضح طور پر لگ رہا ہے کہ جونون لیگ کا بچا کھچا ووٹ بینک تھا وہ بھی اب بکھرتاجا رہا ہے اور پنجاب میں اس کے پیچھے عثمان بزدارکا ہاتھ ہے۔ ووٹ کی پرچی نے ثابت کیا ہے کہ عثمان بزدارکا گورننس ماڈل کامیاب ہورہا ہے، لوگ قیادت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔مجھے یقین ہے کہ رواں مالی سال میں پنجاب میں اتنے زیادہ نئے پروجیکٹ مکمل ہوں گے جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملے گی ۔

اس بات کی بھی خوشی ہےکہ عثمان بزدار جو نئے پروجیکٹ بنوا رہے ہیں اسےماضی قریب کے حکمرانوں کی طرح اپنا نام نہیں دے رہے۔انہیں بڑی بڑی شخصیات سے جوڑ رہے ہیں جن سے قومیں جینے کے اندازسیکھتی ہیں۔ لاہور میں فردوس مارکیٹ پر انڈرپاس بنایاتو اس کانام لعل شہباز قلندر انڈرپاس رکھا۔ جو لوگ سندھ کا سفر کرچکے ہیں یا سیہون جاچکے ہیں وہ اس ہستی سے ضرور واقف ہوں گے۔ ان کے مزار پر حاضری دینے کے لیےمختلف شہروں سے زائرین سیہون کا سفر کرتے ہیں۔

عثمان بزدارنے حکومت میں آنے کے بعد ستگھرہ میں قائم میر چاکر خان رند کے مقبرے کی تزئین و آرائش کیلئے اقدامات کئے، اس کی خستہ حال عمارت اور احاطے کی تجدید نو کیلئے فنڈز مختص کئے۔ میر چاکر اعظم رند بلوچ قوم کیلئے باعث عقیدت ہستی ہیں، پنجاب میں اس ہستی کے مقبرے کی تزئین و آرائش سے وزیر اعلیٰ نے بلوچ بھائیوں کو خیر سگالی اور امن کا پیغام پہنچایا۔ بلوچستان میں بسنے والے عوام کو پنجاب نے اس اقدام کے ذریعے محبت کا پیغام پہنچایا ہے۔ اچھی بات یہ ہےکہ یہ بھائی چارہ صرف یہاں تک محدود نہیں بلکہ پنجاب حکومت بلوچستان میں صحت کے شعبے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے،اسپتال کے قیام کے ساتھ دیگر منصوبوں میں بھی تعاون کیا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب خود بلوچستان کا دورہ کرچکے ہیں اور ہر طرح کی تکنیکی معاونت کیلئے پنجاب حکومت ہمہ وقت تیار نظر آتی ہے۔ صوبائی حکومتوں کو اسی اسپرٹ کے ساتھ ایک دوسرے کا بازو بننا چاہئے کیونکہ پاکستان کی ترقی صوبوں کی باہمی ترقی سے ہی ممکن ہے۔ اوکاڑہ کی بات کی جائے تو عثمان بزدارکے 8گھنٹوں میں اوکاڑہ سمیت 6 اضلاع کے دوروں کا ذکر کرنا بھی مناسب ہوگا۔ ملتان جاتے ہوئے عثمان بزدارنے اوکاڑہ کے علاوہ خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال اور چیچہ وطنی کا بھی دورہ کیا جہاں (چیچہ وطنی) پر صفائی کی ناقص صورتحال پر اظہارِ برہمی کیا۔ ایک طرف چیچہ وطنی انتظامیہ کی کلاس لگی تو اوکاڑہ کی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ اس دورے میں وزیر اعلیٰ نے اوکاڑہ میں ٹکٹ ہولڈرز سے اور خانیوال میں کارکنان اور عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ ایک اوربات جو عثمان بزدارکی قابل تعریف ہے‘ یہ کہ جس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں پھر چاہے کہنے والا بھول جائے وہ خود نہیں بھولتے۔

یہ ایک لیڈر کے ذمہ دار اور درد مند ہونے کا ثبوت ہے۔ اس ہفتے کے آغاز میں وزیر اعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کے دفتر کا دورہ کیا اور کنٹرول روم کا جائزہ لیا، اسی طرح وہ مون سون کے حوالے سے انتظامیہ اور فیلڈ فارمیشن کی مانیٹرنگ بھی کر رہے ہیں اور واسا سمیت تمام اداروں اور افسروں کو ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ مون سون کے پیش نظر الرٹ رہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہو کہ جس شخص پر آپ نے اعتماد کیا ہے کہ وہ مشکل وقت میں آپ کا لیڈر ہونے کی حیثیت سے آپ کی حفاظت میں کردار ادا کرے، ایسا نظام بنائے جو لوگوں کا جانی یا مالی نقصان ہونے کے بعد حرکت میں آنے کی بجائے پرو ایکٹیولی حالات کا جائزہ لے اور حفاظتی حکمت عملی پر عمل درآمد کروائے۔

اسی ہفتے کے دوران انہوں نے متعدد ایسے اقدامات کیےجس سے پنجاب کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے گا۔ ٹیوٹا کے وزٹ کے دوران انہوں نے 120 کنال پر محیط پنجاب کا پہلا اسکل ٹیکنالوجی پارک بنانے کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ پنجاب اپرنٹس شپ ایکٹ 2021 کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔

اسی طرح سی ٹی ڈی آفس کے دورے میں انہوں نے کائونٹر وائلنٹ ایکسٹریمزم بلاک اور سی ٹی ڈی ٹریننگ اسکول کا بھی افتتاح کیا اور اس کے ساتھ ساتھ080011111 سی ٹی ڈی ہیلپ لائن کا بھی افتتاح کیا۔ اور فورس کو جدید اسلحہ جیسےاسنائپر رائفلز ، ڈرون اور جی ایس ایم لوکیٹرز کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ کا امن و امان کی طرف فوکس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے اقدامات کی وجہ سے صوبے میں جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں پر ہاتھ ڈالنا ممکن ہوا۔ انہوں نے محکمہ کی شاندار کارکردگی کے پیش نظر ہیڈکوارٹر اور دس اضلاع میں فیلڈ آفسز کی تعمیر کیلئے اراضی دینے کا اعلان کیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے لئےشہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔بہر حال اس وقت عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں حکومت پنجاب جو کام کررہی ہے ،اس کے حیرت انگیز نتائج کا مجھے یقین ہے ۔ﷲ تعالیٰ عمران خان اور عثمان بزدار کا حامی و ناصر ہو۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)