کراچی کے برساتی نالوں اور اطراف میں کچرا پھینکنے پر 2 ماہ کیلئے پابندی

July 30, 2021


کمشنر کراچی نوید احمد شیخ نے شہر بھر میں برساتی نالوں اور اطراف میں کچرا پھینکنے پر 2 ماہ کے لیے پابندی عا ئد کر دی۔

کمشنر کراچی نوید احمد شیخ کی جانب سے جاری کیئے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سیکریٹری کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔

سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سیکریٹری کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ 3 بڑے نالوں گجر، اورنگی اور محمود آباد نالے سے سروے کیئے گئے، صرف ان 3 نالوں کے اطراف سو سے زائد کچرا چننے والے گروہ کام کرتے ہیں۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ یہ گروہ کچرے سے مرضی کی اشیاء اکٹھی کر کے باقی کچرا نالوں میں ڈالتے ہیں، سندھ حکومت ہر سال نالے صاف کرتی ہے لیکن صورتِ حال وہی رہتی ہے۔

سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سیکریٹری کی سفارشات میں مزید کہا گیا ہے کہ کچرے کی وجہ سے بارشوں میں یہ نالے ابل پڑتے ہیں جس سے صورتِ حال خراب ہو جاتی ہے۔

سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سیکریٹری کی سفارشات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے دوران سیلابی صورتِ حال کی وجہ بھی یہی کچرا ہے۔