ملتان، 4 ٹک ٹاکرز ایک مہینےکی نظربندی پر سینٹرل جیل منتقل

July 30, 2021

ملتان کے ڈپٹی کمشنر نے 3 بھائیوں سمیت 4 ٹک ٹاکرز کو ایک مہینےکی نظربندی پر سینٹرل جیل بھیج دیا۔

ٹک ٹاکرز کے اہلخانہ نے غیرقانونی نظربندی کے خاتمے کیلئے ہائیکورٹ ملتان بینچ سے رجوع کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے 3 ایم پی او کے تحت ٹک ٹاکرز کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے تھے، ٹک ٹاکرز پر سنسنی خیز ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرکے دہشت اور خوف پھیلانے کا الزام تھا۔

ہائیکورٹ نے نظر بندی کے خلاف 2 اگست کو جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹک ٹاکرز غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ، نہ ریکارڈ یافتہ ہیں، ٹک ٹاکرز نے ویڈیوز کے ذریعے لوگوں کو مشتعل نہیں کیا ہے۔

ٹک ٹاکرز تینوں بھائی پٹرول پمپ پر سیکیورٹی گارڈ ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی کہ نظر بندی کے احکامات غیر قانونی ہیں،جنہیں کالعدم قرار دیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر اپنا مؤقف دینے سے انکار کیا ہے۔