آئی پی ایل نہ کھلانے کی دھمکی، بھارت کا چھپ کر وار، غیرملکی کرکٹرز کشمیر لیگ سے دستبردار

July 31, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کشمیر پریمئیر لیگ کے انعقاد پر بھارت بوکھلا اٹھا اور چھپ کر وار کردیا۔ بھارتی بورڈ کی دھمکی کے باعث 6اگست سے شروع ہونے والے ایونٹ سے تمام غیر ملکی کرکٹرز دستبردار ہوگئے تاہم لیگ کے صدرعارف ملک نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ ہر حال میں ہوگا جس میں پاکستانی کر کٹرز حصہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ان کے ایجنٹس کے ذریعے بھارتی بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ کشمیر گئے تو ان پر آئی پی ایل سمیت انڈین کرکٹ کے دروازے بند کردیں گے۔ کے پی ایل سے چھ غیر ملکی کرکٹرز دستبردار ہوئے ہیں ان میں ہرشل گبز، میٹ پرائر، ٹینو بیسٹ اور مونٹی پینسر شامل ہیں ۔ امکان ہے کہ پی سی بی شاداب اور فخر زمان کو این او سی جاری کردے گا۔ منتظمین محمد حفیظ، شعیب ملک اور شاہد آفریدی کو بھی شامل کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے انگلش اور افریقن کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا اور کھلاڑیوں کو کے پی ایل میں حصہ لینے پر بھارت داخلے پر پابندی کی دھمکی دی جس پر انگلش بورڈ اور افریقی بورڈ نے تاحکم ثانی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت سے روک دیا اس کے بعد لیگ نے باقی غیر ملکی کھلاڑیوں سے خود معذرت کر لی۔ مظفرآباد ٹائیگرز کے اسٹار کھلاڑی تلکارتنے دلشان نے بھارتی دبائو کے باوجود کشمیر پریمئر لیگ کھیلنے کا اعلان کردیا، اس فرنچائز کےچیئرمین ارشد خان تنولی نے کہا ہے کہ تلکارتنے دلشان کو ہر ممکن سہولیات اور سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، ان کی شر کت بھارتی کر کٹ بورڈ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ باقی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھی دلشان کی پیروی کرنی چاہئے۔