ٹوکیو اولمپکس: سوئمر بسمہ خان بھی پہلے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکیں

July 31, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ٹوکیو اولمپکس میں جمعے کو پاکستان کی خاتون پیراک بسمہ خان بھی ناکامی سے دوچار ہوگئیں پاکستان کے چھ کھلاڑی اب تک اولمپکس گیمز سے فارغ ہوگئے ہیں۔ گیمز میں جمعے کو چین19 گولڈ، 10سلور اور 11برانز میڈلز کے ساتھ سر فہرست ہے۔ جاپان 17گولڈ، چار سلور اور سات برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ امریکا 11 گولڈ، 16 سلور اور 14 برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔50میٹر فری اسٹائل سوئمنگ کے پہلے رائونڈمیں بسمہ خان ناکام ہوگئیں ۔ ان کی ٹائمنگ 27اعشاریہ 78 سیکنڈ رہی۔81 سوئمر میں ان کا نمبر 56واں رہا۔ اب یکم اگست کو پاکستان کے دو شوٹر خلیل اختر اور غلام بشیر 25 میٹر ریپڈ فائیر میں حصہ لیں گے۔ چار اگست کو ارشد ندیم جیولن تھرو میں ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ ارشد ندیم پاکستانی دستے کے واحد ایتھلیٹس ہیں جنہوں نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کوالیفائی کیا ۔ جمعے کوعالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکووچ اولمپک ٹینس کے سیمی فائنل میں الیگزینڈرا زویو سے شکست کھا گئے۔ انہیں جرمن کھلاڑی الیگزینڈرا زویو نے مات دی۔ مردوں کے ٹینس سنگلز مقابلے میں یونان کے اسٹیفانونس کامیابی حاصل کر کے اگلے مرحلے میں پہنچ گئے تھے۔ جنوبی افریقا کی تاتیانا شوین میکر جمعے کے دن کی اسٹار تھیں ، انہوں نے تیراکی کا پہلا انفرادی ریکارڈ قائم کیا۔ آسٹر یلوی کھلاڑیوں نےایکواٹکس سینٹر میں خواتین کے چار انفرادی ایونٹس جیتے ہیں ، اس کے علاوہ 4x100 فری ریلے میں عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ آسٹریلین ٹیم نے مجموعی طور پر چھ طلائی تمغے حاصل کیے ہیں ، خواتین فٹبال میں امریکا نے سیمی فائنل میں رسائی حاسل کر لی،چین کے مالانگ چن نے مردوں کے ٹیبل ٹینس میں گولڈ میڈل جیت لیا۔مردوں کے ہاکی میں بھارت نے ایشین چیمپئن جاپان، جرمنی نے ہالینڈ، ارجنٹائن نے نیوزی لینڈ کوہرایا،بیلجیم اور برطانیہ کا میچ برابر رہا۔ ٹینس مینز ڈبلز کا گولڈ کروشیا کے نام رہا۔