بہتر ٹریننگ ہوتی تو جیت جاتا، ملک کا نام روشن کرنا باعث فخر، طلحہ

July 31, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) اولمپئن ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے کہا ہے کہ اولمپکس میں ملک کا نام روشن کرنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ ٹریننگ کا جدید سامان اور جگہ میسر ہوتی تو میڈل جیتنے کی پوزیشن میں تھا۔ جمعے کو وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےطلحہ طالب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے ویٹ لفٹنگ کی67کے جی میں پاکستان کی نمائندگی کی جس میں پانچویں پوزیشن پر رہے اور دو کے جی کے فرق سے برانز میڈل جیت نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا بہترین وزن اٹھایا، ایسا نہیں ہے کہ میرے ساتھ کوچ نہیں تھا ۔ ایتھلیٹ کوئی بھی ہو اس کے پاس سپورٹ اسٹاف کی ایک پوری ٹیم ہونی چا ہئے۔ پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے صدر اور سپورٹ پرسنل کی حیثیت سے طلحہ طالب کے ساتھ جانے والے حافظ عمران بٹ نے کہا کہ میں جوائے رائیڈ پر نہیں گیا تھا۔ قومی چیمپئن رہ چکا،کوچنگ کابھی تجربہ رکھتا ہوں۔