جنگ کے سینئر کالم نگار عباس مہکری کورونا سے انتقال کرگئے

July 31, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ممتاز کاروباری شخصیت اور روزنامہ جنگ کے سینئر کالم نگار عباس مہکری جمعہ کی صبح انتقال کر گئے، ان کی عمر76سال تھی اور انہیں ان کی سماجی اور فلاحی خدمات پر تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ کورونا کی وجہ سے پچھلے چند ماہ سے شدید علیل تھے ، عباس مہکری 1994سے اپنی زندگی کے آخری دنوں تک روزنامہ جنگ سے وابستہ رہے اور نشیب و فراز کے عنوان سے ہفتہ وار کالم لکھتے رہے ۔ عباس مہکری کی نماز جنازہ مسجد سلطان ، فیز 5 ، ڈی ایچ اے کراچی میں ادا کی گئی ، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ان کی تدفین گزری قبرستان میں ہوئی ۔ عباس مہکری کے صاحبزادگان بلال مہکری اور شازل مہکری کے مطابق کورونا کی وجہ سے ان کے والد عباس مہکری کے سوئم کا اجتماع نہیں ہو گا ، انہوں نے تمام دوست و احباب اور عزیز و اقارب سے استدعا کی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور مساجد میں ان کے والد عباس مہکری کے لئے دعائے مغفرت کریں۔