تنظیمی عہدیدارپر حملہ قابل مذمت ،آج مظاہرہ کیا جائیگا،پشتونخواایس او

July 31, 2021

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوااسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ آرگنائزیشن کے جعفر خان پی سی او کے عہدیدار اور کوئٹہ یونیورسٹی میں ڈی پی ٹی فائنل کے طالب علم ہے گزشتہ شب ساڑھے 10بجے یونیورسٹی ہاسٹل میں تین نقاب پوش ان کے کمرے میں داخل ہوئے اور ان کے منہ پر اسپرے چھڑک کر انہیں بے ہوش کیا اور بے ہوشی ہی کی حالت میں ان کے منہ میں زہر ڈالا گیا اور پھر ہوش آنے پر اس نے شور مچایا تو ساتھ کے کمرے والے جاگے اور وہ جعفر خان کو اٹھا کر سول ہسپتال لائے جہاں ڈاکٹروں نے ان کے معدے کو واش کرکے ان کی زندگی بچائی تھی ۔پشتونخوا ایس او اس غیر انسانی اور غیر اخلاقی اور وحشیانہ اور قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جعفر خان نے بعد میں ایف آئی آر درج کرائی جس میں انہوں نے بتایا کہ نقاب پوش افراد نے مجھے کہا کہ آپ ایجنسیوں کے خلاف بولتے ہیں ہم آپ کو نہیں چھوڑینگے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہاسٹل میں لگے تمام کیمرے خراب ہیں یا مقصداً خراب کیے گئے ہیں ۔ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن یونیورسٹی میں ایک طالبعلم کے ساتھ اس طرح کے ظالمانہ سلوک پر یونیورسٹی انتظامیہ ، محکمہ پولیس اور دیگر اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر انکوائری کی جائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اس دردناک فعل کیخلاف آج ہفتے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6بجے احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوگا آرگنائزیشن کے تمام کارکن بروقت اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت یقینی بنائیں۔