کشمیر پریمیئر لیگ، غیرملکی کھلاڑیوں کو روکنے کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھائیں گے، پی سی بی

August 01, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کشمیر پر یمیئر لیگ میں شرکت سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو روکنے کے بھارتی بورڈ کے فیصلے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پی سی بی اس معاملے کو آئی سی سی کے مناسب فورم پر اٹھائے گا بلکہ آئی سی سی چارٹر کے مطابق مزید کارروائی کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے۔پی سی بی سمجھتا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کے متعدد ممبران کو وارننگ جاری کرتے ہوئے اپنے ریٹائرڈ کرکٹرز کو کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روک کر کھیل کو بدنام کیا ہے بلکہ بی سی سی آئی نے مزید دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کو کرکٹ سے متعلق کام کے لیے بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ہفتے کو پی سی بی ترجمان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے رکن ملکوں سے رابطہ کرکے انہیں اپنے ریٹائرڈ کرکٹرز کو کشمیر پریمیئر لیگ سے واپس لینے پر مجبور کیا ہے۔پی سی بی سمجھتا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایک بار پھر نہ صرف آئی سی سی کے رکن ملکوںکے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ہے بلکہ بی سی سی آئی کے رویے سے جنٹلمین کھیل کے اسپرٹ کو نقصان پہنچا ہے جیساکہ پی سی بی کشمیر پریمیئر لیگ کی منظوری دے چکاہے۔بی سی سی آئی کی جانب سے اس طرح کا طرز عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، ایسے طرز عمل کو نہ تو برداشت کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں جنوبی افریقاکے سابق بیٹسمین ہرشل گبز نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کشمیر پریمیئر لیگ میں ʼشرکت سے روکنے اور پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا درمیان میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ہرشل گبز، جو کے پی ایل کی فرنچائز اوورسیز واریئرز کا حصہ ہیں، نے سوشل میڈیا پرکہا کہ بی سی سی آئی نے انہیں دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کی تو انہیں بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ʼبی سی سی آئی، اس معاملے میں غیر ضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لا رہا ہے اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش بلاجواز ہے۔