سپرہائی وے پر بس ٹرمینل کیلئے 100 ایکڑ اراضی مختص کی جائے گی، وزیر ٹرانسپورٹ

August 01, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادرشاہ نے کہا ہےکہ سپرہائی وے پر بس ٹرمینل کے لیے 100 ایکڑاراضی مختص کی جائے گی، جو بی اوٹی کی بنیاد پر بنایا جائے گا۔ وہ سندھ ایئرکنڈیشنڈ بس اونرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ریاض اعوان کی قیادت میں ٹرانسپورٹرز کے وفد سے گفتگوکررہے تھے، جس نے صوبائی وزیر سے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔ وفدمیں ممتاز اعوان، ندیم گجر اور ملک شفیق شامل تھے۔وفد نے انہیں ٹرانسپورٹرز کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفدنے بتایاکہ شہر میں بسیں کھڑی رہنے کی اجازت نہ ہونے سے جہاں ٹرانسپورٹرز کو مختلف مسائل کا سامناہے، وہیں مسافروں کو بھی دوردراز کے علاقوں سے ٹرانسپورٹ کے لیے سہراب گوٹھ پہنچنے میں مشکلات ہوتی ہیں، لہٰذا جب تک سہراب گوٹھ پر سرکاری اور بی اوٹی کی بنیاد پر ٹرمینل نہیں بن جاتےاُس وقت تک لاک ڈائون کے بعد ٹرانسپورٹرز کو اندرون شہر سے ایس او پیز کےتحت مسافروں کو بٹھانے کی اجازت دی جائے۔ صوبائی وزیر نے مسئلے کے حل کے لئے وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرنےکی یقین دہانی کرائی۔