مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا 128 واں یوم پیدائش منایا گیا

August 01, 2021

کراچی(ایجنسیاں) مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا 128 واں یوم پیدائش 31 جولائی ہفتہ کو منایا گیا ۔تحریک پاکستان کی عظیم رہنما اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کے یوم پیدائش کے حوالے سے ملک بھر میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام تقاریب منعقد کی گئیں جن میں مقررین نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی زندگی، ملک وملت کیلئے عظیم خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی سیاسی زندگی پر روشنی ڈالی جبکہ اخبارات نے خصوصی ایڈیشن شائع کیے اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی مادر ملت کے حالات زندگی کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کیے گئے۔ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں وہ 1947 ء میں دہلی کو خیر باد کہہ کر کراچی منتقل ہو گئیں،انہوں نے 1965 ء میں متحدہ حزب اختلاف کے پلیٹ فارم سے منصب صدارت کیلئے ایوب خان کا مقابلہ کیا لیکن کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکیں۔بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی وفات کے بعد جمہوری اقدار کو ازسر نوزندہ رکھنے کا کریڈٹ محترمہ فاطمہ جناح کو ہی جاتا ہے۔محترمہ فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 ء کو انتقال کر گئیں۔